مغربی کنارے میں وکلاء کی یونین نے فلسطینی اتھارٹی کی سکیورٹی فورسز کی پکڑ دھکڑ مہم کیخلاف آج عدالتوں میں ہڑتال کا اعلان کردیا۔ لائرز یونین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یونین نے مرد و خواتین وکلاء کی بے جا گرفتاریوں کے احتجاج کرتے ہوئے عدالتوں میں کام نہ کرنے کا کہا ہے۔
لائرز یونین نے واضح کیا کہ مغربی کنارے کی تمام عدالتوں میں مکمل طور پر ہڑتال ہوگی اور وکلاء کسی بھی کیس کے لیے عدالت میں حاضر نہیں ہونگے۔ یونین نے زور دیا کہ ہڑتال کرنا وکلاء کا قانونی حق ہے اور یہ کہ وکلاء تمام قانونی اور آئینی تنظیموں کے ساتھ مل کر قانون پر منصفانہ عمل کے لیے مدد کرنے کو تیار ہیں۔
یونین نے بتایا کہ فلسطینی اتھارٹی کی سکیورٹی فورسز نے حال ہی میں جمعرات کے روز وکیل لوئی ابو خدیجہ پر حملہ کیا ہے۔ یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب ابو خدیجہ طولکرم کی عدالت میں اہم قانونی امور نمٹا رہے تھے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین