فلسطین میں انسان حقوق کی تنظیموں نے عالمی پارلیمنٹ سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی جیلوں میں زیرحراست فلسطینی اسیران کے ساتھ اسرائیلی فوج کے مظالم بند کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق مرکز احرار برائے اسیران کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل فلسطینی اسیران بالخصوص انتظامی حراست میں ڈالے گئے فلسطینی قیدیوں سے ناروا سلوک جاری رکھے ہوئے ہے۔ بیان میں عالمی پارلیمنٹ، انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھوک ہڑتالی فلسطینی انتظامی اسیران کے خلاف اسرائیلی فوج کے مظالم بند کرانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
احرار اسٹڈی سینٹر کے ڈائریکٹر فواد الخفش نے بتایا کہ اسرائیلی جیلوں میں انتظامی حراست میں رکھے گئے قیدیوں نے اپنے جائز حقوق اور صہیونی ریاست کے مظالم کے خلاف بھوک ہڑتال شروع کی ہے۔ تین روز سے جاری اس بھوک ہڑتال میں شریک تمام فلسطینی اسیران کا کہنا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات نہیں مانے جاتے وہ بھوک ہڑتال کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
فواد الخفش کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جیلوں میں جہاں ایک طرف انتظامی حراست کے قیدیوں کی تعداد بڑھ رہی ہے وہیں قیدیوں پر اسرائیلی فوج کے مظالم میں بھی بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے۔ اس لیے ہم عالمی برادری بالخصوص عالمی پارلیمان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فلسطینی اسیران کے ساتھ جاری صہیونی بدسلوکی کا سختی سے نوٹس لے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
