لبنان میں سرگرم فلسطینی تنظیموں کے اتحاد نے اسرائیلی عقوبت خانوں میں قید فلسطینی اسیران پر ڈھائے جانے والے صہیونی مظالم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسیران کو ان کے حقوق دلوانے کے لیے اسرائیل کے خلاف ٹھوس اقدامات کرے۔
فلسطینی جماعتوں نے عرب اور اسلامی دنیا اور عالمی برادری سے اسرائیلی جیلوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے سیکڑوں اسیران کی مدد اور نصرت کرنے اور ان کی رہائی کی جدوجہد میں بھرپور حصہ لینے کی اپیل بھی کی۔
فلسطینی تنظیموں کے اتحاد نے منگل کے روز اپنے بیان میں اقوام متحدہ، اسلامی تعاون کونسل (او آئی سی)، عرب لیگ اور انسانی حقوق کی تمام قومی و بین الاقوامی نتظمیوں سے مطالبہ کیا کہ بھوک ہڑتالی فلسطینی اسیران کو صہیونی عقوبت خانوں میں موت کے منہ میں جانے سے بچایا جائے۔
اس موقع پر جماعتوں نے تنظیم آزادی فلسطین اور فلسطینی اتھارٹی سے پر زور اپیل کی کہ وہ دشمن اسرائیل کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات سے باز رہے اور صہیونی حکومت کو فلسطینی اسیران پر مظالم ڈھانے کا مزید کوئی موقع فراہم نہ کرے۔
لبنان میں سرگرم فلسطینی اتحاد نے اسیران کی رہائی کے لیے تمام فلسطینی جماعتوں سے متحد ہوکر کوشش کرنے کی اپیل کی، اور قوم کے دلیر مجاہدین کو رہا کروانے کے لیے ایک دوسرے سے تعاون کی ترغیب دی۔۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

