مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی پولیس نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں ایک کارروائی کے دوران مسجد اقصیٰ کے ایک محافظ پر تشدد کے بعد انہیں حراست میں لے لیا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ’’قدس پریس‘‘ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی پولیس کی بڑی تعداد جوتوں سمیت مسجد اقصیٰ کے باب الرحمۃ میں گھس گئی۔ اس موقع قبلہ اوّل کے محافظ عمران الرجبی نے انہیں روکنے کی کوشش کی تو اسرائیلی پولیس اہلکاروں نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں حراست میں لے لیا۔
اسرائیلی پولیس نے الرجبی کا موبائل فون بھی ضبط کرلیا۔ عمران الرجبی کو حراست میں لینے کے بعد ایک حراستی مرکز منتقل کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ قبلہ اوّل کے محافظوں اور نمازیوں کی گرفتاری اب روز کا معمول بن چکی ہے۔ آئے روز اسرائیلی فوجی مسجد اقصیٰ میں گھس کر مقدس مقام کی بے حرمتی کرتے ہیں اور جعلی دعوؤں کے تحت نمازیوں اور محافظوں کو حراست میں لے لیا جاتا ہے۔