(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی حریت پسندوں کی صیہونی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بیت المقدس کے علاقے العیسویہ میں سرچ آپریشن اور بلا جواز گرفتاریوں کے خلاف مزاحمت، صیہونی فوج اور پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں خاتون سمیت متعدد فلسطینی زخمی۔
مقامی ذرائع کے مطابق صیہونی پولیس نے مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے العیسویہ میں گھر گھر تلاشی کے دوران روایتی لوٹ مار اور توڑپھوڑ کرتے ہوئے متعدد فلسطینیوں کو گرفتارکرلیا، صیہونی پولیس کی جانب سے بلا جواز گرفتاریوں اور گھروں میں لوٹ مار کےخلاف فلسطینی نوجوانوں نے مزاحمت کی اور صیہونی پولیس پر پتھراؤ کیا۔
صیہونی پولیس نےمزاحمت کاروں پر فائرنگ اور آنسو گیس شیل فائر کرتے ہوئے متعدد فلسطینیوں کو گرفتارکرلیا جبکہ اسرائیلی پولیس کی فائرنگ سے ایک خاتون سر میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگئی۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج اور پولیس کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے نام پر فلسطینی بستیوں میں لوٹ مار اور گرفتاریاں جاری ہیں جس کے رد عمل میں فلسطینی نوجوانوں اور صیہونی سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں معمول بن گئی ہیں جبکہ اسرائیل فوج کی جانب سے فلسطینیوں پر زہریلی گیس، ربڑ کی گولیوں کے ساتھ دھاتی گولیوں کا آزادانہ استعمال کیا جاتا ہے جس کے نتیجے میں اب تک سیکڑوں فلسطینی زخمی اور شہید ہوچکے ہیں ۔