سلفیت (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران 13 فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے شہروں اور دیہاتوں میں فلسطینیوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیاہے کہ سیکیورٹی فورسز نے تلاشی کےدوران 13 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ ان میں اسرائیل کے خلاف مزاحمتی کارروائیوں میں ملوث فلسطینی بھی شامل ہیں۔
ادھر ایک دوسرے سیاق میں اسرائیلی فوج کے ترجمان نداف بادان نے بتایا کہ فوج نے شمالی رام اللہ میں شہید فلسطینی صالح عمر البرغوثی کے گھر پر چھاپہ مارا اور گھرسے متعدد اہم چیزیں قبضے میں لے لیں۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے جمعرات کو رام اللہ ، الخلیل، نابلس اور دوسرے فلسطینی علاقوں میں چھاپے مارے اور ایک درجن سے زائد فلسطینیوں کو حراست میں لیا۔ اسرائیلی فوج نے شہید عمر ابو لیلیٰ کے والد سے پوچھ تاچھ کی اور سلفیت میں ان کے گھر میں گھس کر قیمتی سامان کی توڑپھوڑ اور لوٹ مار کی گئی۔