(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) دونوں افسران اسرائیلی بحریہ کے انتہائی سینئر افسر ہیں جو ہی ہنگامی حالات میں آپریشنل ہیڈکوارٹر اور اسرائیلی بحریہ کے سربراہ کے طور پر کام کرتے ہیں۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے معروف اخبار اسرائیل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی بحریہ کے سربراہ وائس ایڈمرل ڈیوڈ سار سلامہ نے جمعرات کو ایک سینئر ریزروسٹ ریئر ایڈمرل اوفر ڈورون کو ملازمت سے معطل اور رئیر ایڈمرل (ریئر) ایال سیگیو کے خلاف ڈسپلنری ایکشن شروع کردیا ہے ۔
دونوں افسران نے اس ماہ کے شروع میں اعلان کیا تھا کہ وہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے عدالتی نظام کو تبدیل کرنے کے حکومت کے متنازعہ منصوبوں کے خلاف احتجاج میں شامل رہیں گے اور رضاکارانہ ڈیوٹی کے لیے مزید حاضر نہیں ہوں گے دونوں افسران نے موجودہ صیہونی حکومت کو آمریت قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس حکومت کے ساتھ کام نہیں کرسکتے۔
اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی بحریہ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی فوج کی روایات کو توڑنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ، اسرائیلی فوج کسی بھی ایسے مطالبے کا حصہ نہیں بن سکتی جس سے ملک کی سالمیت کو خطرہ پہنچے۔
واضح رہے کہ غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل میں حکومت کی جانب سے عدالتوں کے اختیارات کو محدود کرنے کیلئے قانون سازی کی کوششیں کی جارہی ہیں، اس کے حوالے سے بل کا ایک حصہ اسرائیلی پارلیمنٹ سے منظور بھی کیا جاچکا ہے تاہم حزب اختلاف اور اسرائیلی شہریوں کی جانب سے اس کے خلاف سخت ردعمل دیکھنے میں آرہا ہے اور گذشتہ آٹھ مہینوں سے اسرائیل میں اس قانون کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج جاری ہے۔