(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین کے شمال میں الجلمہ قصبے کے ساحلی علاقے "المقبلہ ایئرپورٹ” کے قریب ڈرون کے ذریعے بمباری کرکے شہید کئے گئے تینوں شہدا ءکا تعلق فلسطینی مزاحمتی تنظیموں سے تھا۔
مقبوضہ فلسطین میں صیہونی جرائم کے خلاف برسرپیکار مزاحمتی تحریک اسلامی جہاد موومنٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ شہید ہونے والوں میں سے 27 سالہ صہیب عدنان الغول اور 28 سالہ محمد بشار اویس کا تعلق اسلامی جہاد موومنٹ کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ کی "جینین بٹالین” اورتیسرے 17 سالہ اشرف مراد السعدی کا تعلق "الاقصی شہداء بریگیڈ” سے ہے ۔
"جینین بریگیڈ” کی جانب سے جاری کردہ بیان میں شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہر گزرتے وقت کے ساتھ مزاحمت میں تیزی آتی جارہی ہے اور ہم اپنی منزل سے قریب سے قریب ہوتے جارہےہیں۔
بیان میں مزید کہا: "ہم خداتعالیٰ سے عہد کرتے ہیں کہ وہ اس راستے کو جاری رکھیں گے جسے ہمارے شہداء نے اپنے پاک خون سے ہموار کیا، اور اپنے عہد اور احکام پر اس وقت تک قائم رہیں گے جب تک کہ خدا ہمارے لیے فتح اور آزادی نہیں لکھ دیتا۔”