غربِ اردن (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی فوج نے غربِ اردن میں ایک فلسطینی نوجوان کا مکان مسمار کردیا ہے۔ اس پر گذشتہ ماہ دو صیہونیوں کو فائرنگ اور چھرا گھونپ کر قتل کرنے کا الزام تھا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 19 سالہ فلسطینی عمر ابو لیلیٰ نے مارچ میں غربِ اردن میں واقع ایک صیہونی بستی آریل میں ایک فوجی کو چھرا گھونپ دیا تھا اور دوسرے کو گولی مار ہلاک کردیا تھا۔ اسرائیلی فوجیوں نے تین روز کی مسلسل تلاش کے بعد اس فلسطینی کو جالیا تھا اور اس کو گولی مار کر موت کی نیند سلا دیا تھا۔
اسرائیلی فوجیوں نے بدھ کی صبح غربِ اردن کے شمال میں واقع گاؤں زاویہ میں اس مقتول فلسطینی کے خاندان کے مکان کو مسمار کردیا ہے۔انھوں نے پڑوس میں واقع مکینوں سے بھی مکان خالی کرا لیے تھے اور انھیں نزدیک واقع ایک اسکول میں منتقل کردیا تھا۔ اس کے بعد اس مکان کو بارود سے اڑا دیا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج بالعموم مبیّنہ فلسطینی حملہ آوروں یا ان کے خاندانوں کے مکانوں کو بلڈوزروں یا دھماکا خیز مواد سے منہدم کردیتی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ اس کی یہ کارروائی مستقبل میں حملوں کے انسداد کا سبب بن سکتی ہے لیکن انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ مکانوں کی مسماری فلسطینی خاندانوں کو اجتماعی سزا دینے کے مترادف ہے اور یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے۔