بیت لحم (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں ایک کارروائی کے دوران متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لیا ہے۔ ان پر اسرائیلی فوج پر پٹرول بموں سے حملوں کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عبرانی ویب سائیٹ’’0404‘‘ نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ اسرائیلی ملٹری پولیس نے جنوبی بیت لحم میں بیت فجار کے مقام سے فلسطینیوں کے ایک گروپ کو گرفتار کیا ہے۔ یہ فلسطینی شہر کے جنوب میں واقع ’’مجدال عو‘‘ صیہونی کالونی پر پٹرول بموں سے حملوں میں ملوث ہیں۔
عبرانی ویب سائیٹ کے مطابق فوج نے فلسطینی مزاحمتی سیل کے تمام افراد کو پکڑ لیا ہے۔ وہ پچھلے ماہ متعدد بار اسرائیلی فوج اور صیہونی آباد کاروں پر حملے کرتے رہے ہیں۔ انہیں حراستی مرکز منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔