(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کو بے گھر کرنے کی ریاستی پالیسی کے تحت جزیرہ نما النقب میں ہزاروں فلسطینیوں نے احتجاجی جلوس نکالا اور صیہونی ریاستی دہشتگردی کے خلاف نعرے بازی کی۔
ہزاروں فلسطینیوں نے مقبوضہ علاقے جزیرہ نما النقب قصبے حورہ کے داخلی راستے پر جمع ہو کر مکانات مسماری اور غاصبانہ قبضے کے خلاف مظاہرہ کیا اور اسرائیل سے مسماری کی کارروائیاں اور قبضے کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر گھروں کی مسماری اور فلسطینی املاک اور اراضی پر غاصبانہ قبضے کے خلاف نعرے درج تھے۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی رہ نمائوں نے مکانات کی مسماری کو اسرائیلی ریاست کی کھلم کھلا نسل پرستی اور فلسطینیوں پر زندگی تنگ کرنے کی دانستہ کوشش قرار دیا۔
مظاہرین نے اسرائیلی کنیسٹ کے عرب ارکان سے مطالبہ کیا کہ وہ اندرون فلسطین میں گھروںکی مسماری کی اسرائیلی کارروائیوں پر آواز اٹھائیں اور جزیرہ نما النقب اور دوسرے فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی ریاست کے غاصبانہ قبضے کی روک تھام کے لیے کردار ادا کریں۔