رام اللہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی زندانوں میں قید ایک فلسطینی شہری کو اسرائیلی جیل انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کے باعث حالت بگڑنے کے بعد اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کینسر کے مرض میں مبتلا سامی ابو دیاک کی حالت خراب ہونے کے بعد ’’سوروکا‘‘ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
کلب برائے اسیران کےمطابق ابو دیاک کا تعلق غرب اردن کے شمالی شہر جنین سے ہے اور اسے چار سال قبل ستمبر2015ء کو آنتوں کے کینسر کا شکار ہونے اور گردے ناکارہ ہونے کا مرض لاحق ہوا تھا۔ اسے کئی ماہ تک آکسیجن پر زندہ رکھنے اور تین بار سرجری کے عمل سے گذرنا پڑا ہے۔
ابو دیاک کو اسرائیلی فوج نے 2002ء میں حراست میں لیا۔ اسے اسرائیل کےخلاف تحریک آزادی کی مسلح جدو جہد میں حصہ لینے کی پاداش میں تین بار عمر قید اور 30 سال اضافی قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ خیال رہے کہ اسرائیل کی رملہ اسپتال میں 17 فلسطینی مریض زیرعلاج ہیں جب کہ اسرائیلی زندانوں میں قید 700 فلسطینی اسیران مختلف بیماریوں کا شکار ہیں۔