(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی انسانی حقوق کی تنظیم نے بتایا ہے کہ صیہونی زندانوں میں اسرائیلی جیل حکام فلسطینی قیدیوں پر بدترین تشدد کررہے ہیں ، ان قیدیوں میں اکثر سنجیدہ نوعیت کے امراض کا شکار ہیں۔
مقبوضہ فلسطین میں انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والے ادارے نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ صیہونی زندانوں میں فلسطینی قیدیوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک معمول بن چکا ہے اور گزشتہ روز "ایشل جیل” میں صہیونی کمانڈو یونٹ کے درجنوں اہلکاروں نے پولیس کے کتوں کے ہمراہ وارڈ 10 پر دھاوا بولا اور وہاںپر موجود 20 قیدیوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، تشدد کا شکار ہونے والے فلسطینی قیدیوں میں بعض بیمار بتائے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں پر غیر انسانی اور بدترین تشدد پر اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ نے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی قیدیوں کے خلاف صہیونی ریاست کی جارحیت کا بھرپور مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی زندانوں میں قید ہمارے فلسطینی بہن بھائی اور بزرگ قوم کے ہیرو ہیں اور ان کی رہائی کے لیے حماس ہرسطح پر کوششیں کرے گی اس طرح کے جارحانہ اقدامات کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔