رام اللہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین کے سرکاری ادارہ برائے امور اسیران نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی زندانوں میں قید 80 سالہ فلسطینی کواسرائیلی جیلروں کی طرف سے مجرمانہ غفلت کا سامنا ہے جس کے باعث اسیر کی حالت تشویش ناک ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق محکمہ اسیران کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسیر فواد الشوبکی مسلسل 12 سال سے پابند سلاسل ہیں۔ وہ پیرانہ سالی کے ساتھ ساتھ کئی امراض کا شکار ہیں مگر اسرائیلی جیلر انہیں کسی قسم کی طبی معاونت فراہم نہیں کر رہے ہیں۔
فلسطینی اسیران کے حقوق پر نظر رکھنے والے سرکاری ادارے کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ الشوبکی کو اسرائیلی عدالت سے 20 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
وہ اب تک النقب، عسقلان، الرملہ، عوفر اور بئر سبع کی جیلوں میں قید کاٹ چکے ہیں۔
خیال رہے کہ الشوبکی فلسطینی اتھارٹی کے ہاں میجر جنرل کے عہدے پر تعینات رہے ہیں۔ انہیں 14 مارچ 2006ء حراست میں لیا گیا۔اسرائیل کی فوجی عدالت نے الشوبکی کوفلسطینی مزاحمت کاروں کو اسلحہ فراہم کرنے کے الزام میں 20 سال قید کی سزا سنا رکھی ہے۔