(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں اسرائیلی فوجیوں نے ایک نوجوان فلسطینی لڑکی کو حراست میں لیا ہے جس پر مبینہ طورپر یہودی فوجیوں پر چاقو سے حملے کی منصوبہ بندی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ قابض فوجیوں نے متعدد دیگر فلسطینیوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ صہیونی فوجیوں نے الخلیل کے مشرقی قصبےیطا کے نواحی علاقے میں ایک کارروائی کے دوران 16 سالہ مادلین محمد خریزات کو حراست میں لینے کے ساتھ اس کے قبضے سے ایک چاقو بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ تلاشی کی کارروائیوں میں اسرائیلی فورسز نے چار دیگر فلسطینی نوجوانوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مشرقی الخلیل میں الرامہ کالونی اور دیگر مقامات پر فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فورسز کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔
فلسطینیوں پر تشدد کے دوران صہیونی فوجیوں نے 16 سالہ ایاد زیاد غلمہ، 19 سالہ نضال غلمہ، 17 سالہ جہاد نضال غلمہ اور عزمی عزام دویک کو حراست میں لے لیا۔