(فلسطین نیوز۔مرکزاطلاعات)فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں بدھ کے روز اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں کم سے کم دو فلسطینی شہید اور چار زخمی ہوگئے ہیں۔ فلسطینیوں کی مزاحمتی کارروائیوں میں تین صہیونیوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بدھ کو علی الصباح شمالی بیت المقدس میں واقع قلندیہ پناہ گزین کیمپ میں صہیونی فوج کی چھاپہ مار کارروائی میں دو فلسطینی نوجوان شہید اور چار زخمی ہوگے۔ فلسطینیوں کے ساتھ جھڑپوں میں تین صہیونی فوجی بھی زخمی ہوئے ہیں۔مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ فلسطینیوں اور اسرائیلی فورسز کے درمیان جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب اسرائیلی فورسز نے قلندیہ کیمپ میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے شہریوں کو زدو کوب کرنا شروع کیا۔ صہیونی فوج کی کارروائی میں 21 سالہ احمد جحجوح اور حکمت حمدان کو شہید کردیا گیا۔ صہیونی فوج کی وحشیانہ فائرنگ سے چار فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایک فلسطینی کارڈرائیور نے قلندیا کےمقام پر تین صہیونیوں کو اپنی کار تلے کچل ڈالا جس کے نتیجے میں کم سے کم چار فوجی زخمی ہوگئے ہیں۔ اسرائیلی فوجیوں نے فائرنگ کرکے حملہ آور فلسطینی کو شہید کردیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ فلسطینی نوجوان کی کار کی ٹکر سے زخمی ہونے والے تینوں نوجوانوں کو ہیلی کاپٹر کی مدد سے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
ادھر رام اللہ ۔ القدس شاہراہ پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے دو فلسطینی زخمی ہوئے۔ صہیونی فوجیوں نے ایک چوکی سے گذرنے والے فلسطینیوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔
خیال رہے کہ فلسطین میں یکم اکتوبر کے بعد سے جاری تحریک انتفاضہ کو کچلنے کے لیے صہیونی فوج کی دہشت گردی کے نتیجے میں اب تک کم سے کم ایک سوتیس فلسطینی شہید اور ہزاروں کی تعداد میں زخمی ہوچکے ہیں۔ فلسطینیوں کی مزحمتی کارروائیوں میں پچیس صہیونی ہلاک اور تین سے زیادہ زخمی ہوئے۔ حالیہ ایام میں فلسطینیوں کی جانب سے صہیونیوں پر چاقوں سے حملوں میں غیرمعمولی تیزی آئی ہے اور اسرائیلی فوج کی طرف سے بھی فلسطینیوں کے خلاف طاقت کے اندھا دھند استعمال میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔