قابض اسرائیلی فوجیوں نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنین شہر سے نشریات پیش کرنے والے ایک ریڈیو چینل کی نشریات بند کرنے کی دھمکی دی ہے۔ اس سے قبل اسرائیلی فوج مغربی کنارے سے نشریات پیش کرنے والے دو ریڈیو چینلوں کو بند کرچکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین کے مغرب میں سالم نامی اسرائیلی فوجی کیمپ کی طرف سے مقامی ریڈیو چینل”ناس” کی انتظامیہ کو ایک نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اگر ریڈیو پر قومی ترانے سنائے جانے کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو چینل کی نشریات بند کردی جائیں گی اور اس کی انتظامیہ کو حراست میں لے لیا جائے گا۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جنین سے نشریات پیش کرنے والے ریڈیو پر اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں کے خلاف اشتعال انگیز پروگرامات اور ملی نغمے پیش کیے جاتے ہیں۔ اس نوعیت کی نشریات اسرائیل کے وضع کردہ آئین کے آرٹیکل 215 کی خلاف ورزی ہے۔ اگر ریڈیو پر ان نشریات کا سلسلہ جاری رہا تو ریڈیو کی نشریات بند کردی جاٰئیں گی۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوجی اس سے قبل مغربی کنارے میں اسی طرح کے دو ریڈیو اسٹیشن یہ کہہ کر بند کرچکے ہیں کہ ان سے اسرائیل کے خلاف اشتعال انگیز نشریات پیش کی جا رہی ہیں۔