اقوام متحدہ کے ادارہ برائے بحالی پناہ گزین‘‘اونروا’’ نے شام میں فلسطینی پناہ گزینوں کے کیمپوں پر سرکاری فوج کے حملوں کے بعد کیمپوں کی حالت کو تشویشناک قرار دیا ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارے نے گذشتہ جمعرات کے روز دمشق میں فلسطینی پناہ گزین کیمپ یرموک پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ اس حملے میں کم سے کم بیس فلسطینی پناہ گزین شہید اور ساٹھ سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ‘‘اونروا’’ نے اپنی ویب سائیٹ پر شام میں فلسطینی پناہ گزینوں کےبارے میں رپورٹ میں سخت تشویش کا اظہار کیا ہے اور سرکاری فوج اور دمشق حکومت سےمطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی مہاجرین پر حملوں سے گریز کریں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شام میں سرکاری فوج کے ہاتھوں فلسطینی مہاجر کیمپوں میں کی جانے والی کارروائیوں کے بعد پناہ گزینوں کی حالت نہایت تشویشناک ہے۔ مہاجرین کا ماضی کی نسبت حال نہایت کربناک ہے خاص طور پر شام میں جب سے حکومت کےخلاف عوامی بغاوت کی تحریک اٹھی ہے، اس وقت سے اب تک شامی پناہ گزینوں کی زبوں حالی میں روزمرہ کی بنیاد پر ابتر ہوتی جا رہی ہے۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ شام میں فلسطینی پناہ گزینوں کے کیمپوں میں فلسطینیوں کی تعداد ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
