مغربی کنارے میں رابطہ شباب اسلام اور سیاسی اسیران کے اہل خانہ کی کمیٹی نے فلسطینی اتھارٹی کے ہاتھوں سیاسی اختلافات کی پاداش میں گرفتار
اپنے ہم وطنوں کے ساتھ اظہار یک جہتی میں دھرنے کا اہتمام کیا ہے۔ بدھ کے روز اس دھرنے میں اتھارٹی جیلوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا جائے گا۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ اس دھرنے میں عوام کا جم غفیر شریک ہوگا۔ فلسطین کی معروف سماجی و سیاسی شخصیات اور اراکین پارلیمان بھی شرکت کریں گے۔ اسیران کے اہل خانہ کی کمیٹی نے ملک کی تمام قومی اور اسلامی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ دھرنے میں شرکت کریں۔
کمیٹی نے بھوک ہڑتال کرنے والے سیاسی اسیران کی صحت کی حالت انتہائی خراب ہونے کے باوجود انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے کوئی کارروائی نہ کیے جانے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ خیال رہے کہ تحریک فتح کی نمائندہ مغربی کنارے کی فلسطینی اتھارٹی نے سیکڑوں ہم وطنوں کو حماس و دیگر تنظیموں سے تعلق کی پاداش میں گرفتار کر رکھا ہے۔ اس گرفتار قیدیوں میں سے دس افراد نے عدالتی احکامات کے باوجود رہا نہ کیے جانے کے خلاف بھوک ہڑتال کر رکھی ہے۔
ایک ہفتے سے زائد عرصے سے بھوک ہڑتال کی وجہ سے ان دس اسیران کی صحت دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
