اسرائیلی جیل میں قید بیت لحم سے تعلق رکھنے والے دو فلسطینی اراکین مجلس قانون ساز نے مغربی کنارے میں سلام فیاض کی حکومت کی جانب سے بلدیاتی نمائندوں پر تشدد کی شدید تنقید کرتے ہوئے اس طرح کے واقعات کو جمہوریت دشمنی کا شاخسانہ قراردیا ہے۔ اسرائیلی جیلوں میں قید اراکین مجلس قانون ساز انور زبون اور محمود الخطیب نے اپنے بیانات میں رام اللہ حکومت کی جانب سے بیت لحم کی بلدیہ کے نمائندوں پر تشدد کی شدید مذمت کی ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ سلام فیاض کی غیر دستوری حکومت عوام نمائندوں کو دانستہ طور پرتشدد کا نشانہ بنارہی ہے اور اس سلسلے میں اسلامی تحریک مزاحمت(حماس) کے پارلیمانی بلاک اصلا ح و تبدیلی کے پلیٹ فارم سے منتخب ہونے والے قومی نمائندوں کو خاص طور سے نشانہ بنایا جاتا ہے۔ اسیر ارکین مجلس قانون سازنے مغربی کنارے میں فتح سمیت تمام پارلیمنانی بلاکوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ رام اللہ کی حکومت کی جانب سے جمہوریت دشمنی کے اقدامات کا نوٹس لیں اور بیت لحم میں بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے ظالمانہ سلوک کو ختم کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ بیان میں کہاگیا ہے کہ فتح سمیت تمام جمہوری جماعتوں کو ملک میں جمہوریت مخالف سرگرمیوں کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے اور ایسے اقدامات کی روک تھام ضروری ہے جن سے قوم کے منتخب نمائندوں کو نشانہ بنایا جاتا ہو۔