فلسطین کی منظم مذہبی سیاسی جماعت اسلامی تحریک مزاحمت ‘‘حماس’’ کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے اور غزہ میں
حماس کی حکومت کے وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے نو منتخب مصری صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی کامیابی پر انہیں ھدیہ تبریک پیش کیا ہے۔ حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے ڈاکٹر محمد مرسی کی کامیابی پر ٹیلیفون کر کے انہیں صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد مرسی کی بطور صدر کامیابی جمہوریت، مصری عوام بلکہ پورے عالم اسلام کی فتح ہے۔ ڈاکٹر محمد مرسی کی کامیابی جمہوریت کے لیے ایک بڑا جشن ہے۔ ایسے میں حماس اور پوری فلسطینی قوم مصری عوام کی اس خوشی میں برابر کی شریک ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ ڈاکٹر محمد مرسی کی قیادت میں مصر ترقی کی منازل طے کرے، پھلے پھولے اور عالم اسلام کی قیادت کی زمان اپنے ہاتھ میں لے کر اپنی عظمت رفتہ کو بحال کرے۔
پی آئی سی کے مطابق غزہ کی پٹی میں حماس کے وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے بھی ڈاکٹر محمد مرسی کو صدر منتخب ہونے پر ٹیلیفون کر کے مبارک باد پیش کی۔ غزہ کی پٹی میں ایک تقریب سےخطاب کرتے ہوئے اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ وہ ڈاکٹر محمد مرسی کی کامیابی کو عالم اسلام کی فتح سمجھتے ہیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
