فلسطین کی منظم مذہبی اور سیاسی جماعت اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے سیاسی شعبے کے رکن عزت رشق نے کہا ہے کہ جماعت کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل آئندہ چند ایام کے دوران اردن کے اہم دورے پرعمان جائیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کے درمیان مفاہمت کے لیے بات چیت حمتی مراحل میں ہے۔ پچیس نومبر کو قاہرہ میں حماس اور فتح کے سربراہ ملاقات میں مفاہمتی عمل کو حتمی شکل دینے پر بات کی جائے گی۔
مرکز اطلاعات فلسطین سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے عزت رشق نے کہا کہ اردن کا دورہ خالد مشعل کے بیرون ملک دوروں کے شیڈول کا حصہ ہے اور وہ جلد اردن کے دورے پرعمان جائیں گے۔ حماس رہ نما کےدورہ اردن کی تیاری میں قطری حکومت نے اہم کردار ادا کیا ہے تاہم اس کی حتمی تاریخ کا فی الحال اعلان نہیں کیا گیا، پیش آئند چند ایام میں یہ اعلان بھی کر دیا جائے گا۔
عزت رشق کا کہنا تھا کہ خالد مشعل کا دورہ اردن گذشتہ ماہ ہونا تھا تاہم بعض تکنیکی وجوہات کی بنا پریہ دورہ غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کیا گیا ہے جسے منسوخ نہیں کیا گیا۔
حماس رہ نما نے تصدیق کی ہے خالد مشعل اور فلسطینی صدر محمود عباس کے درمیان مفاہمتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے مذاکرات پچیس نومبرکو مصرکے دارالحکومت قاہرہ میں ہوں گے۔