فلسطین میں قومی مفاہمت کے لیے کوشاں ملک کی مذہبی سیاسی جماعت اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل کی سربراہی میں تنظیم کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے قاہرہ میں مصری انٹیلی جنس چیف سے ملاقات کی۔
یہ ملاقات قاہرہ میں خالد مشعل اور فلسطینی صدرمحمود عباس کےدرمیان مفاہمت کے لیے ہونے والے باضابطہ مذاکرات سےکچھ دیر قبل ہوئی۔
حماس کے سیاسی شعبےکے رکن عزت رشق نے میڈیا کو بتایا کہ بدھ کی شام خالد مشعل کی سربراہی میں تنظیم کے ایک وفد نے مصری انٹیلی جنس چیف مراد الموافی سے ملاقات کی۔ بعد ازاں مصری انٹیلی جنس چیف نے فلسطینی صدر محمود عباس کے ساتھ بھی علاحدگی میں ملاقات کی۔
عزت رشق نے بتایا کہ حماس اور فتح کے قائدین کی مصری انٹیلی جنس چیف سے ملاقات کے دوران فلسطینیوں کے درمیان اتحاد کی موجودہ کوششوں کا معاملہ زیر بحث آیا۔
حماس رہ نما کا کہنا تھا کہ مراد الموافی اور حماس کے وفد کے درمیان ملاقات نہایت خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ اس موقع پر حماس کے وفد نے فلسطین کی موجودہ صورت حال کے بارے میں مصری انٹیلی جنس چیف کو آگاہ کیا۔
مراد الموافی کے ساتھ ملاقات کرنے والے حماس کے وفد کی سربراہی خالد مشعل کر رہے تھے جبکہ وفد میں تنظیم کے سیاسی شعبے کے نائب صدر ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق، سیاسی شعبے کے ارکان عزت رشق، محمد نصر، نزار عوض اللہ، خلیل حیہ اور صالح العاروی شامل تھے۔