(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) فلسطینی مزاحمت کاروں کی جانب سے غیر معمولی ردعمل اور ناقابل فہم جنگی حکمت عملی سے ہونے والے ناقابل تلافی نقصان کے بعد اسرائیلی وزیرعظم نے کہا ہے کہ ہم غزہ پر قبضے کا ارادہ نہیں رکھتے۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے ایک ٹی وی کو انٹر ویو دیتے ہوئے نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ہم حماس سے جنگ کے بعد غزہ پر قبضے یا حکومت کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔ اسرائیلی وزیراعظم کے مطابق ہمارا قبضے کا کوئی ارادہ نہیں مگر غزہ میں کسی ‘قابل اعتماد’ طاقت کی ضرورت ہے تاکہ حماس کے خطرے کو دوبارہ ابھرنے سے روکا جاسکے۔
اس سے قبل ایک انٹرویو میں بن یامین نیتن یاہو نے کہا تھا کہ حماس کے ساتھ جنگ کے بعد اسرائیل غزہ پٹی کی غیر معینہ مدت کے لیے سلامتی کی مجموعی ذمہ داری سنبھالے گا۔
واضح رہے کہ امریکا سمیت مغربی ممالک نے اسرائیل پر دباؤ بڑھاتے ہوئے کہا تھا کہ اس طرح کا اقدام قابل قبول نہیں ہوگا۔ اب نئے انٹرویو میں اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ‘ہم غزہ پر قبضے یا اس پر حکمرانی کے خواہشمند نہیں’۔ بن یامین نیتن یاہو نے کہا کہ اس خطے میں ایک سویلین حکومت کی ضرورت ہے، مگر ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ 7 اکتوبر جیسے حملے مستقبل میں نہ ہوسکیں۔