(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی دہشتگردی کے خلاف برسرپیکار مزاحمتی تحریک حماس کا آئندہ جمعہ کو پورے فلسطین میں دفاع قبلہ اول اور دفاع القدس کے لیے ‘لبیک یا اقصیٰ’ کے عنوان سے منانے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق مزاحمتی تحریک حماس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کے روز پورے فلسطین میں دفاع قبلہ اول ریلیاں نکالی جائیں گی اور ملک بھرمیں القدس اور الاقصیٰ کو لاحق خطرات کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔اس موقع پربیت المقدس کے فلسطینیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جمعہ کی نماز مسجد اقصیٰ میں ادا کرنے کی کوشش کریں تاکہ مقام مقدس کے دفاع کے لیے صہیونیوں کویہ پیغام دیا جائے کہ مسجد اقصیٰ تنہا نہیں ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی قوم قبلہ اول اور القدس کے خلاف امریکی، صہیونی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے، قبلہ اول کے دفاع کے لیے نفیرعام کے اعلان کا مقصد مسجد اقصیٰ کو لاحق خطرات، مقدس مقام کی تاریخی حیثت کو نقصان پہنچانے کی صہیونی سازشوں کو ناکام بنانا اور مسجد کی روزانہ کی بنیاد پر جاری بے حرمتی کی روک تھام کے لیے فلسطینی قوم کو منظم کرنا ہے۔
واضح رہے کہ روازانہ کی بنیاد پر سیکڑوں یہودی آبادکار اسرائیلی پولیس اور فوج کی نگرانی میں مسجد اقصیٰ کی مسلسل بے حرمتی کے مرتکب ہورہے ہیں ، اسرائیلی کے اس مجرمانہ اقدامات پر پوری دنیا کے مسلمانوں میں غم و غصہ پایا جارہا ہے ، اردن اور کویت نے اسرائیل کے اس مجرمانہ فعل پر اپنے سفیر وں کو اسرائیل سے واپس بلانے اور ہرطرح کے تعلقات ختم کرنے کی سفارش کی ہے ۔