مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ترکی کے نائب وزیرخارجہ ناجی کورو نے اپنے دورہ جرمنی کے دوران جرمن وزیرخارجہ فرانک والٹر اشٹائنمر سے ملاقات کی۔ ملاقات کے موقع پر اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہ ایاد مدنی سمیت کئی اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ اس موقع پرترکی کے نائب وزیرخارجہ نے جرمن وزیرخارجہ پر زور دیا کہ وہ مسئلہ فلسطین حل کرانے کے لیے اسرائیل پر مزید دبائو ڈالیں۔ نیز فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان اختلافات کو کم کرنے کے لیے عالمی سطح پر سفارتی مساعی میں بھی تیزی لائی جائے۔
ترک عہدیدار ’ناجی کورو‘ نے کہا کہ حال ہی میں اسلامی تعاون تنظیم نے مسئلہ فلسطین کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ایک رابطہ کمیٹی تشکیل دی ہے جس کے وفود عالمی رہ نمائوں سے ملاقاتیں کرکے ان سے فلسطینیوں کے حقوق اور ان کے حق رائے دہی کی حمایت کےحصول کی بات کررہے ہیں۔ اسی ضمن میں ہماری ملاقات جرمنی کے وزیرخارجہ سے بھی ہوئی ہے اور ہم نے برلن پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ فلسطین حل کرانے کے لیے اپنی سفارتی مساعی میں مزید اضافہ کرے اور اسرائیل پر فلسطینیوں کو ان کےحقوق دلوانے کے لیے دبائو ڈالے۔
انہوں نے بتایا کہ اسلامی تعاون تنظیم کی تشکیل کردہ رابطہ کمیٹی کے ارکان امریکا، روس اور دنیا کے دیگر بڑے ملکوں کی قیادت سے بھی ملاقات کریں گے اور مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے ان سے بھی اپنا کرادار اد کرنے کا مطالبہ کریں گے۔
کورو کا کہنا تھا کہ ’’او آئی سی‘‘ کی رابطہ کمیٹی میں فلسطین، سعودی عرب، ملائیشیا اور دیگر مسلمان ممالک کے مندوبین شامل ہیں۔ وفد نے اسی سلسلے میں جرمن وزیرخارجہ سے ملاقات کی اور انہیں مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان سے مسئلہ فلسطین کےحل کے لیے مدد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
