قاھرہ میں فلسطینی مطالعاتی مرکز کے سربراہ ابراھیم الدراوی کا کہنا ہے کہ مصری جیل میں قید اسرائیلی جاسوس کی رہائی کے لیے ثالثی کرنے والے امریکا اور جرمنی کی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں۔
قاھرہ میں قائم فلسطینی مطالعاتی مرکز کے سربراہ نے بتایا کہ مصری حکام صہیونی ایجنٹ کی رہائی کے بدلے اسرائیلی جیلوں میں موجود مصری قیدیوں کی آزادی پر مصر ہیں۔
الدراوی نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ مصری قیادت کو امریکا اور جرمنی کی جانب سے اسرائیلی ایجنٹ کو رہا کرنےکی درخواستیں موصول ہوئیں تاہم مصری حکام نے صہیونی جاسوسی کی رہائی کو اسرائیلی جیلوں کو مصری قیدیوں، چاہے وہ سیاسی ہوں یا کریمنل، سے خالی کرنے سے مشروط کر دیا ہے۔
مصری حکام کا کہنا ہے کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو کوئی بھی مصری عہدیدار اسرائیلی ایجنٹ کو اس وقت رہا نہیں کروا سکتا جب تک مصر میں اگلے ماہ انتخابات کے بعد نئی حکومت قائم نہیں ہو جاتی، بعد ازاں نئی مصری حکومت ہی اس ضمن میں کوئی فیصلہ کرے گی۔