فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کے مکانات کی مسماری اور نہتے شہریوں کو بے گھر کرنے کی ظالمانہ پالیسی پرعمل درآمد جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق صہیونی فوجیوں نے بیت المقدس کے سلوان ٹاؤن میں کئی فلسطینی خاندانوں کو اپنے گھر خالی کرنے کے نوٹسز جاری کیے ہیں۔
سلوان میں وادی حلوہ انفارمیشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینیوں میں تقسیم کیے گئے نوٹسز میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ مکانات حکومتی اجازت کے بغیر تعمیر کیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق صہیونی فوجیوں نے ہفتے کے روز بیت المقدس کے سلوان قصبے کی عین الوزہ ، البستان اور بئر ایوب کالونی میں صہیونی بلدیہ کے اہلکاروں کی موجودگی میں یہ نوٹسز تقسیم کیے۔
مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق صہیونی فوجیوں کی جانب سے مشرقی بیت المقدس میں پانچ مکانوں کو خالی کرنے کے نوٹسز جاری کیے ہیں۔ ان میں سے بعض مکانوں کو تعمیر ہوئے 17 سال ہوچکے ہیں۔ صہیونی حکومت کی جانب سے اس پراب اعتراض عائد کیا گیا ہے۔