(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی علاقے میں قائم ’’معالیہ ادومیم‘‘ یہودی کالونی میں نامعلوم شخص کے چاقو کے حملے میں ایک یہودی آباد کار شدید زخمی ہوگیا۔ حملہ آور کے بارے میں معلوم نہیں ہوسکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی پولیس کی خاتون ترجمان لوبا السمری نے بتایا کہ جمعہ کے روز معالیہ ادومیم میں نامعلوم افراد نے 47 سالہ ایک سیکیورٹی گارڈ پر چاقوں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا ہے۔ اسے علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ زخمی یہودی آباد کار کو بیت المقدس کے ’’ھداسا عین کارم‘‘ اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت خطرناک بیان کی جاتی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ذاتی رنجش کا نتیجہ ہوسکتا ہے تاہم فلسطینی مزاحمت کاروں کی کارروائی کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔
یہودی آباد کار کے زخمی ہونے کے بعد پولیس کے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا تھا۔ تلاشی کے دوران معالیہ ادومیم کالونی میں آمدو رفت بند کردی گئی تھی۔
خیال رہے کہ فلسطین میں گذشتہ برس اکتوبر کے بعد سے جاری فلسطینیوں کی کارروائیوں میں قابض فوج اور صہیونیوں پر 230 فدائی حملے کیے جا چکے ہیں۔ ان میں 96 کارروائیوں میں چاقو کے ذریعے حملے کیے گئے۔ جب کہ سنگ باری اور پٹرول بموں کے 800 واقعات درج کیے گئے ہیں۔ فائرنگ اور گاڑیوں تلے کچلے جانے کے واقعات بھی شامل ہیں۔ ان واقعات میں 33 اسرائیلی جنہم واصل اور سیکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔
