(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں الولجہ کے مقام پر فلسطینیوں کے متعدد مکانات مسمار کرنے کے تازہ اسرائیلی نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ اسرائیلی حکام کی جانب سے جاری کردہ نوٹسز میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی شہریوں کی جانب سے یہ مکانات اسرائیلی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر تعمیر کیے گئے ہیں۔
مقامی فلسطینی یونین کونسل کے چیئرمین عبدالرحمان ابو التین نے بتایا کہ گذشتہ روز اسرائیلی فوج نے الولجہ قصبے میں فلسطینیوں کے 9 گھروں کو غیرقانونی قرار دے کر انہیں24 گھنٹوں کے اندر اندر مسمار کرنے کا حکم دیا۔
عبدالرحمان التین نے بتایا کہ ان میں دو مکان دو فلسطینی خاندانوں کے ہیں جن میں وہ رہائش پذیر ہیں جب کہ دیگر مکانات کی تعمیر مکمل کی جا چکی ہے مگر ان میں فی الحال رہائش نہیں رکھی گئی۔
اسی علاقے میں تین روز قبل اسرائیلی انتظامیہ نے فلسطینی شہریوں کو مکانات کی مسماری کے نوٹس جاری کیے تھے۔
