فلسطین کے تاریخی شہر مقبوضہ بیت المقدس کے مشرق میں قائم یہودی کالونی‘‘معالیہ ادومیم’’ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شدید زخمی ہو گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی شہری پر فائرنگ کا واقعہ بدھ کے روز اس وقت پیش آیا جب وہ یہودی کالونی کے قریب سے گذر رہا تھا۔ یہودی فوجیوں نے زخمی فلسطینی کا سامان قبضے میں لے کر اسے زخمی حالت میں ابو دیس میں العیزریہ فوجی اسپتال منتقل کردیا ہے جہاں اس کی حالت خطرے میں بتائی جاتی ہے۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد صہیونی فوج کی بڑی تعداد نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور جائے وقوعہ کی طرف ہرقسم کی ٹریفک بند کردی۔ خیال رہے کہ اسی علاقے میں چند روز قبل یہودی آباد کاروں کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔ اسرائیلی فوج نے الزام عائد کیا تھا کہ یہودیوں کی فائرنگ کا نشانہ بننے والے فلسطینی لڑکے آباد کاروں کو اغواء کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ تاہم شہید اور زخمی ہونے والے شہریوں کے اہل خانہ نے صہیونی فوج کا الزام مسترد کر دیا ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
