غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین کی نیشنل انیشیٹیو پارٹی پی این ائی نے اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کئے جانے سے متعلق آئرلینڈ کے پارلیمانی اقدام کی قدردانی کی ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق آئرلینڈ کی سینیٹ نے دسمبر دو ہزار اٹھارہ میں ایک قانون کی منظوری دی ہے جس کے تحت فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں تیار کی جانے والی اسرائیلی مصنوعات کی درآمدات و خریداری پر پابندی عائد کردی گئی۔ پی این آئی کے جنرل سکریٹری مصطفی برغوثی نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے اسرائیلی حکومت کی شکست اور فلسطینی عوام کی تحریک مزاحمت کے لئے بڑی کامیابی قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ مستقبل میں دیگر یورپی ملکوں میں بھی، ایسے ہی اقدامات عمل میں لائے جانے کے تعلق سے وسیع پیمانے پر کوشش کی جائے گی۔
دوسری جانب سے آئرلینڈ کے اس اقدام پرغاصب اسرائیلی حکومت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تل ابیب میں آئرلینڈ کے سفیر کو طلب کر کے احتجاج کیا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی حکومت کے بائیکاٹ کی عالمی تحریک بی ڈی ایس نےاسرائیلی حکومت کے اقتدار کے خاتمے، غاصبانہ قبضہ ختم کرانے اور فلسطینی شہریوں کے بنیادی حقوق کو باضابطہ طور پر تسلیم کرانے کے لئے دو ہزار پانچ میں ایک سو اکہتر تنظیموں کے دائرے میں وسیع پیمانے پر اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا ہے۔