شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ بیت المقدس قبلہ اول ہماری غیرت اور حمیت کا مسئلہ ہے، امام خمینی ؒ نے عالمی سطح پر یوم القدس کا اعلان کرکے بیت المقدس پر اسرائیل کی ناجائز قبضہ کو ایک مسئلہ جاوداں بنا دیا ہے، جو اسرائیل اور اس کے عالمی سرپرستوں کے گلی کی ہڈی بن گیا ہے۔ امام خمینیؒ کی بالغ نظری، دور اندیشی اور فہم و فراست نے قبلہ اول کے مسئلہ کو اجاگر کرکے اسرائیل کی بربریت اور سفاکیت و غاصبانہ اور ظالمانہ توسیع پسندانہ عزائم کو بے نقاب کر دیا اور اسرائیل کے دیگر اسلامی ممالک کی طرف بڑھتے ہوئے خونخوار پنجوں کے سامنے آہنی دیوار کھڑی کر دی۔ جسکی وجہ سے اسرائیل اور اس کے عالمی سرپرست سادہ اور نادان مسلمانوں پر سرمایہ گذاری کرکے اتحاد بین المسلمین کو پارہ پارہ کر رہے ہیں۔ اسرائیل اسلامی ممالک کو ایک دوسرے کے سامنے صف آرا کرنا مسلم مسالک کو ایک دوسرے کے خلاف دست گریباں کرنا، مسلمانوں میں قومیت اور لسانیت کے ناسور کو بڑھاوا دینا اور اسلامی ناموں سے مسلح تنظیمیں تشکیل دے کر عالم اسلام کو کمزور کرکے اس سے بدلا لے رہے ہیں۔ لہذا تمام مسلم ممالک، تمام مسلم مسالک قرآنی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اُمت واحدہ کے تصور کو اُجاگر کریں اور یہود نصاریٰ کے خلاف متحد ہو کر ان کی تمام سازشوں کا ناکام بنا دیں۔ اس موقع، علامہ سید فرحت عباس ہمدانی، سکندر گیلانی ایڈووکیٹ، مولانا فرحت عباس جوادی، مولانا قاسم جعفری ضلعی صدر شیعہ علماء کونسل راولپنڈی، ضلعی صدر، تصور عباس ضلعی جنرل سیکرٹری شیعہ علماء کونسل اسلام آباد، مولانا سید وزیر حسین کاظمی، مولانا سید عقیل اصغر کاظمی نے بھی خطاب کیا۔
