القدس سے بے دخلی کے حکم کے بعد احتجاجی دھرنے جاری رکھنے والے القدس کے فلسطینی رکن پارلیمان محمد طوطح نے اسرائیل کی جانب سے شہر کو یہودیانے کے منصوبوں سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مقدس شہر کے خلاف اسرائیلی ریشہ دوانیہ جاری رہیں تو فلسطینی تیسرا انتفاضہ شروع کر سکتے ہیں۔
القدس سے بے دخلی کے اسرائیلی نوٹس کے بعد ڈیڑھ سال سےریڈ کراس کے دفتر میں احتجاجی دھرنے دینے والے معروف فلسطینی رہنما محمد طوطح نےالقدس کی معروف شخصیات کو شہر سے نکالنے کے نئے منصوبے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ صہیونی حکام نے اسلامی اور مسیحی 318 معروف شخصیات کو شہر بدر کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے القدس کے رہنماؤں کو در بدرکرنے کی کوشش کی تو یہ جلتی پر تیل کا کام کر دے گی، اسرائیل کی جانب سے القدس میں کوئی بھی اشتعال انگیز کارروائی کی گئی تو اسرائیل کے خلاف فلسطینیوں کا تیسراانتفاضہ شروع ہو جائے گا۔
ریڈ کراس ہیڈ کوارٹر میں لگے ان کے احتجاجی کیمپ کو اکھاڑنے کی اسرائیلی دھمکیوں کے متعلق فلسطینی رکن پارلیمان طوطح کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے ہمارے خیموں پر حملوں کے امکانات نہیں ہیں، اس کی جانب سے کوئی ایسی کارروائی بڑی حماقت ثابت ہوگی۔