مقبوضہ بیت المقدس میں انسانی حقوق کے لیے سرگرم کارکنوں کے مطابق اسرائیلی بلدیہ نے شہر کی سلوان کالونی کے متعدد گھروں کے بارے احکامات صادر کیے ہیں کہ یہ گھر بلدیہ سے اجازت لیے بغیر تعمیر کیے گئے ہیں چنانچہ انہیں مسمار کردیا جائے۔
وادی حلوہ اسٹڈی سنٹر نے بتایا کہ اسرائیلی بلدیہ کا عملہ پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ علاقے میں آیا اور بستان کالونی، وادی حلوی کالونی اور بئر ایوب کی متعدد کالونیوں میں توڑ پھوڑ کی۔ اس دوران عملے نے بہت سے گھروں کی تصاویر بھی لیں اور کئی گھروں کے مالکان کو گھروں کی مسماری کے نوٹس بھی جاری کردیے۔
انہدامی نوٹس وصول کرنے والے ایک فلسطینی شہری مازن عودہ نے وادی حلوہ اسٹڈی سنٹر کو بتایا کہ بلدیہ کے اہلکاروں نے ان کے اور ان کے بھائی کے گھروں کی پہلے تصاویر لیں اور پھر گھروں کے دروازوں پر مسماری کے حکمنامے لٹکا کر چلے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ 2003 میں تعمیر کیے گئے ان کے گھر میں 10 افراد رہائش پذیر ہیں۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین