اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مشرقی القدس کی عیسویہ کالونی پر دھاوا بول دیا جس کے بعد یہاں جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ اسرائیلی جیل میں سات ماہ سے بھوک ہڑتال جاری رکھنے والے فلسطینی قیدی سامر عیساوی کے ساتھ اظہار یک جہتی میں مظاہرہ کرنے والوں پر بولے گئے اس ہلے میں آٹھ فلسطینی زخمی ہو گئے۔
اسرائیلی فوج نے مظاہرہ کرنے والوں پر ربڑ کی گولیاں اور آنسو گیس کے شیلوں کی بوچھاڑ کر دی، اسرائیلی فوج نے فلسطینی نوجوانوں پر تشدد شروع کر دیا۔ صہیونی فوجی کالونی کی گلیوں میں پھیل گئے۔ یاد رہے کہ اسرائیلی فوج نے اہالیان القدس کی جانب سے لگائے گئے اس کیمپ پر 24 ویں مرتبہ دھاوا بولا ہے۔
وادی حلوہ کے معلوماتی مرکز کے مطابق جھڑپیں عیسویہ گاؤں کے مرکزی راستے پر ہوئیں اور پھر سارے گاؤں میں پھیل گئیں۔ فلسطینی نوجوانوں نے اسرائیلی فوجیوں پر پتھراؤ کیا جس سے دو اہلکار زخمی ہوگئے۔ ادھر صہیونی اہلکاروں کی برسائی گئی ربڑ کی گولیوں اور صوتی بموں سے متعدد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
