اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے قدیم شہرالخلیل میں سکیورٹی انتظامات سخت کر کے دو نئی چیک پوسٹیں قائم کرلی ہیں۔ شہر کے جنوبی گاؤں واد الشاجنہ کے داخلی راستے پر قائم اس چیک پوسٹ پر صہیونی اہلکار نہ صرف گزرنے والی گاڑیوں کی تلاشی لے رہے ہیں بلکہ مسافروں کی شناخت کے بعد ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ ایک ایسی ہی چیک پوسٹ گاؤں البرج کے داخلی راستے پر بنائی گئی ہے جس پر متعدد فلسطینی گاڑیوں کو تفتیش کے لیے روک لیا گیا۔اسرائیلی فوج نے الخلیل کے الظاہریہ اور یطا ٹاؤن میں بھی اپنے اہلکاروں کی تعداد بڑھا دی ہے، ان علاقوں اور الفوار کیمپ کے قریبی دورا ٹاؤن میں اسرائیلی فوج کی گاڑیاں مسلسل گشت کر رہی ہیں جس سے شہریوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ یاد رہے کہ اسرائیل نے مشرقی القدس اور مغربی کنارے کے تمام شہروں میں پہلے ہی جگہ جگہ چیک پوسٹیں قائم کرکے فلسطینی شہریوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے۔مغربی کنارے میں جگہ جگہ قائم یہودی بستیوں اور پھر ان کی حفاظت کے لیے قائم چیک پوسٹوں کے باعث فلسطینیوں کو اپنے مقامات تک پہنچنے کے لیے نہ صرف کئی گناہ زیادہ سفر طے کرنا پڑتا ہے بلکہ اسرائیلی تفتیشی مراحل سے گزرتے ہوئے وقت کا ضیاع الگ ہے۔ مرکزی شاہراہوں پر قائم چیک پوائنٹس کی وجہ سے فلسطینی اپنے ہی وطن میں آزادانہ نقل و حرکت سے محروم ہیں۔
بشکریۃ:مرکز اطلاعات فلسطین