اسرائیل کے فوجی ریڈیو پر نشر ایک بیان میں صہیونی فوج نے دعویٰ کیاہے کہ الخلیل میں تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک فلسطینی شہری کی گاڑی سے اسرائیلی ساختہ’’کارلو‘‘ نامی ایک پستول برآمد ہوا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی شہری کو الخلیل میں ایک یہودی کالونی کے مرکزی داخلی راستے سے حراست میں لیا گیا۔ اسے مزید تفتیش کے لیے پبلک سیکیورٹی فورسز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے الخلیل شہر کے وسط میں کم سے کم 400 یہودی آباد کار آباد ہیں اور انہیں صہیونی فوج اور پولیس کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی مہیا کی جاتی ہے۔
ایک دوسری رپورٹ میں عبرانی فوجی ریڈیو کا کہنا ہے کہ ایک اسرائیلی ٹیکسی ڈرائیور نے پولیس کو اطلاع دی ہے کہ رام اللہ شہرمیں اس کی گاڑی کو نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
ریڈیو رپورٹ کے مطابق اسرائیلی پولیس نے کار ڈرائیورکی شکایت کے بعد متعلقہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا ہے تاہم انہیں ایسا کوئی مشکوک شخص نہیں ملا ہے۔
اسرائیلی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہودی آباد کار کی گاڑی کو اس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جب وہ شاہراہ 465 سڑک پر کھڑی تھی۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
