فلسطین کی منظم مذہبی اور سیاسی جماعت اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل اور فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ھنیہ کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ملاقات کی اطلاعات ہیں۔
دونوں رہ نماؤں نے فلسطین میں سیاسی جماعتوں کے مابین مفاہمت کی مساعی کے لیے جاری طریقہ کار اور پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اعلان دوحہ پر اتفاق کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق خالد مشعل اور اسماعیل ھنیہ کے درمیان بدھ کے روز دوحہ میں طویل بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں فلسطین کی داخلی صورت حال بالخصوص حماس اور فتح کے درمیان مفاہمت کے عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اسماعیل ھنیہ نے خالد مشعل کو اپنے خلیجی ممالک اور ایران کے دورے کے بارے میں بریفنگ دی اورکہا کہ ان کے یہ طویل دورہ نہایت کامیاب رہا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق خالد مشعل اوراسماعیل ھنیہ کے درمیان ہونے والی ملاقات کےبارے میں ایک مشترکہ پریس بریفنگ جاری کی گئی ہے۔ اس بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ حماس کی قیادت میں دو فروری کو خالد مشعل اور صدرمحمود عباس کے درمیان طے پائے اعلان دوحہ پر کسی قسم کا اختلاف نہیں ہے۔ حماس کی قیادت اس اعلان سے متفق ہے اور اب اس اعلامیے پرعمل درآمد کرایا جائے گا۔
خیال رہے کہ اسماعیل ھنئیہ اور خالد مشعل کی یہ چند روز میں دوسری ملاقات ہے۔ حال ہی میں اسماعیل ھنیہ کے دورہ کویت، متحدہ عرب امارات، بحرین، ایران اور قطر کے دوران دوحہ میں ان کی ملاقات ہوئی تھی۔
ذرائع کےمطابق حماس کی پیش آئند ہفتے مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں بھی ملاقات کرے گی۔ اس ملاقات میں حماس کی داخلی تنظیم نو اور فلسطین کی سیاسی صورت حال کے پیش نظر نئے فیصلے کیے جائیں گے۔
ذرائع نے ان اطلاعات کی سختی سے تردید کی ہے کہ حماس کی قیادت اعلان دوحہ کے بارے میں کوئی ہنگامی اجلاس منعقد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حماس کی قیادت میں اعلان دوحہ کے بارے میں کوئی خاص اختلافات نہیں تھے اگر تھے بھی تو وہ ختم ہو چکے ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ حماس کے عسکری ونگ نے بھی اعلان دوحہ پر مکمل اتفاق کیا ہے اور جماعت کی مرکزی قیادت کے فیصلوں کو تسلیم کرتے ہوئے ان پرعمل درامد کا فیصلہ کیا ہے۔ القسام بریگیڈ کے کمانڈر احمد الجعبری اورمحمد الضیف نے خالد مشعل سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے انہیں اپنی جانب سے اعلان دوحہ میں ہرممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

