رام اللہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ کے نواحی علاقے کوبر کے ایک فلسطینی خاندان کو دھمکی دی ہے کہ اگر اس نے فوج کو مطلوب نوجوان حوالے نہ کیا تو پورے خاندان کو شہر بدر کردیا جائے گا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کی طرف سے کوبر قصبے کے البرغوثی خاندان کو دھمکی دی کہ وہ عاصم البرغوثی کو فوج کے حوالے کریں ورنہ پورے خاندان کو گھر بدر کرنے کے بعد شہر سے بھی نکال دیا جائے گا۔
ادھر گذشتہ شب اسرائیلی فوج نے کوبر قصبے میں گھر گھر تلاشی کے دوران 17 سالہ محمد البرغوثی کو حراست میں لے لیا۔ محمد البرغوثی اسرائیلی فوج کو مطلوب عاصم کا بھائی ہے۔ اسرائیلی فوج نے عاصم کے گھر میں گھس کر توڑپھوڑ اور لوٹ مار کی اور خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا۔
اسرائیلی فوجیوں نے البرغوثی خاندان سے کہا کہ وہ عاصم کو ہمارے حوالے کریں ورنہ پورے خاندان کو رام اللہ سے نکال کراریحا منتقل کردیا جائے گا۔