فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ھنیہ اپنے بیرون ملک دورے کے دوران قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچ گئے ہیں جہاں وہ آج امیر قطر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی سے سمیت دیگراعلٰی حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
ھنیہ اپنے دوسرے بیرون ملک کے دوران پہلےبحرین گئے تھے جہاں سے وہ قطر پہنچے ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق بحرین سے قطر روانگی سے قبل اسماعیل ھنیہ کی بحرینی وزیراعظم الشیخ سلمان بن حمد آل خلیفہ سے ملاقات ہوئی۔ دونوں رہ نماؤں کے مابین ہونے والی اس تفصیلی ملاقات میں خطے میں تبدیل ہوتی سیاسی صورت حال، عرب ممالک کے مابین بڑھتے تعلقات، مسئلہ فلسطین اور مسئلے کی موجودہ علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت اور بحرین اور فلسطین کے درمیان دوستی کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر بحرینی ولی عہد شہزادہ سلمان نے فلسطینی وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گو کہ عرب ممالک کے درمیان بعض داخلی اور دوطرفہ معاملات پر اختلافات موجود ہیں۔ یہ اختلافات خلیجی ریاستوں کے درمیان بھی موجود ہیں تاہم فلسطین کے مسئلےاور فلسطینیوں کے جائز حقوق کے لیے ہم سب متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بحرین دیگرعرب ممالک کو فلسطینیوں کے جائز حقوق کے حصول کے لیے ایک پلیٹ فارم پر متحد کرانے کی مساعی جاری رکھے گا۔
اسماعیل ھنیہ نے دورہ بحرین میں شاہ بحرین سمیت اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر، اور دیگراعلٰی سیاسی اورحکومتی قیادت سے ملاقات کی۔
پیر کی شام وہ قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچے ہیں جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ قطر کےدورے کے دوران اسماعیل ھنیہ تین روز یہاں قیام کریں گے جس کے بعد کسی دوسرے عرب اسلامی ملک کے دورے پر روانہ ہو جائیں گے۔

