مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی عقوبت خانوں میں طویل قید کاٹنے والے اسلامی جہاد کے دو رہنماؤں کو گذشتہ روز رہا کردیا گیا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق 41 سالہ ابراہیم کامل عبدالفتاح الشلبی اور 24 سالہ محمد سمیر صالح ابو زینہ کو گذشتہ روز رہا کیا گیا۔ عبدالفتاح الشلبی کو 12 ماہ کی انتظامی حراست کے بعد رہا کیا گیا جب کہ صالح ابو زینہ کو 32 ماہ قید کے بعد رہائی نصیب ہوئی ہے۔ اول الذکر کا تعلق غرب اردن کے شمالی شہر جنین کے الحارثیہ قصبے سے ہے جب کہ آخر الذکر کا تعلق جنین میں قائم پناہ گزین کیمپ سے ہے۔
شہداء و اسیران فائونڈیشن کے مطابق ابراہیم شلبی کو اسرائیلی فوج نے 6 مارچ 2018ء کو حراست میں لیا گیا اور انہیں ایک سال انتظامی قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
اسلامی جہاد کے دوسرے رہنما محمد ابو زینہ کو 6 مارچ 2016ء کو گرفتار کیا گیا اور انہیں 32 ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
ابراہیم شلبی پہلے بھی چار بار گرفتار ہو کر 6 سال قید کاٹ چکے ہیں جب کہ محمد بو زینہ کی یہ پہلی گرفتاری اور قید ہے۔