عالم اسلام کے معروف عالم اور عالمی رابطہ علماء اسلام کے سربراہ شیخ یوسف قرضاوی نے فلسطینی جماعتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ
وہ مفاہمت کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں پر غالب آکر باہمی اختلافات کا ہر قیمت خاتمہ کریں اور پھر ہونے والی مفاہمت پر لازمی طور پر عمل کریں۔
شیخ قرضاوی نے مفاہمت کےدونوں فریقوں فتح اور حماس کو بعض مطالبات سے دستبردار ہونے کی نصیحت کی تاہم ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی قوم کے کسی بھی بنیادی حق سے ہر گز دستبرداری اختیار نہیں کی جا سکتی۔
استنبول میں یورپین فتوی کونسل کی ایک کانفرنس کی سائیڈ لائن پر گفتگو میں شیخ قرضاوی کا کہنا تھا کہ اسرائیلی ریاست مسلسل فلسطینی قوم کے ساتھ کھیل کھیل رہی ہے اور مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی تعمیر جاری رکھنے کے لیے فلسطینی تنظیموں کے مابین مفاہمت کی راہ میں روڑے اٹکا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ جہاد اسلامی اور حماس کے رہنماؤں سے ملے ہیں جو مفاہمت کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
مصر میں الاخوان المسلمون کے امیدوار محمد مرسی کی کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ہمارا سب سے مطالبہ ہے کہ وہ آپس میں تعاون کریں تاکہ مصر ایک مضبوط ملک بن جائے۔ اگرچہ اس سے قبل دیگر ممالک میں بھی انقلاب آچکا ہے مگر مصر اپنے حجم، تاریخ، رجال کار، کردار، اقدامات، علم و ثقافت ہر اعتبار سے اس لائق ہے کہ مسلم دنیا کی قیادت کرے۔ لہذا تمام جماعتوں پر لازم ہے کہ وہ مصر کی حمایت کریں تاکہ وہ اپنے اہداف کے حصول میں کامیاب ہو سکے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
