فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں عارضی فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس نے کہا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ امن مذاکرات کسی بھی وقت دوبارہ شروع کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مذاکرات کی راہ میں کوئی بڑی رکاوٹ نہیں۔
دوسری جانب مرکز اطلاعات فلسطین کے ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ صدرمحمود عباس اور اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھوکے مابین ملاقات کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ دونوں رہ نماؤں کے درمیان جلد ملاقات ہو گی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی صدر محمود عباس المعروف ابومازن نے اسرائیل کے ساتھ امن بات چیت کی بحالی کا اعلان کولمبیا کے دورے کے دوران کیا۔ پیر کے روز اپنی کولمبین ہم منصب کلارا لوبیز سے ملاقات کے بعد ایک مشترکہ نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمود عباس نے کہا کہ وہ کسی بھی وقت اسرائیل کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ محمود عباس کہہ رہے تھے کہ "ہم نے کب کہا ہے کہ ہم اسرائیل کے ساتھ امن بات چیت نہیں کرنا چاہتے۔ اسرائیل کے ساتھ بات چیت کسی بھی وقت اور کہیں بھی ہو سکتی ہے”۔
اس موقع پر کولمبین خاتون صدر کلارا لوبیز نے کہا کہ "ہم فلسطینی انتظامیہ اور اسرائیل کے درمیان آزاد فلسطینی ریاست کے لیے امن بات چیت دوبارہ شروع کرنے کے لیے فریقین کی حوصلہ افزائی کرتے رہیں”۔