مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین کے سرکردہ عیسائی مذہبی رہنما اور نصرت مقدسات کمیٹی کے رکن پوپ مناویل مسلم نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ دوستی کرنے والے ممالک اور قوتیں فلسطینیوں کی خیر خواہ نہیں بلکہ فلسطینیوں کے ساتھ خیانت کی مرتکب ہو رہی ہیں۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے ساتھ عرب ممالک کی قربت کی کوششیں ناقابل قبول ہیں۔ جو ملک یا حکومت اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرے گی وہ فلسطینی تشخص اور اسلامی اور عرب مبادیات کے ساتھ خیانت کی مرتکب ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ القدس صرف فلسطینیوں کا نہیںبلکہ پوری مسیحی اور مسلم دنیا کا شہر ہے۔ اس مقدس سرزمین پر صیہونیوں کو غاصبانہ تسلط قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے والے ارض فلسطین پر اسرائیلی ریاست کے ناجائز قیام کو جواز دینے اور فلسطینی پناہ گزینوں کے دیرینہ حق واپسی کے مطالبے سے پسپائی کے مرتکب ہوں گے۔
امانویل مسلم نے فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس کے حق واپسی کے حوالے سے دیرینہ مؤقف سے ہٹ کر بار بار بیانات دینے کی مذمت کی اور کہا کہ ایسے لگ رہاہے کہ فلسطینی اتھارٹی نے اوسلو معاہدے سے قومی اصولوں سے انحراف کا آغاز کردیا تھا اور اب ’’صدی کی ڈیل‘‘ کا اسرائیلی منصوبہ اس کا اختتام ہے۔
امانویل مسلم نےکہا کہ اسرائیل کے ساتھ دوستانہ مراسم کا قیام ایک انتہائی خطرناک اقدام ہوگا اور اس سے فلسطینی قوم کے دیرینہ حقوق کی نفی ہوگی۔