اسلامک سپریم کونسل کے سربراہ اور مسجد اقصی کے خطیب شیخ عکرمہ صبری نے اسرائیل کے ساتھ تبادلہ اراضی کی حرمت کا فتوی جاری کیا ہے۔ یہ فتوی گزشتہ دنوں رام اللہ اتھارٹی اور عرب لیگ کی جانب سے اسرائیل کےساتھ تبادلہ اراضی پر مشتمل مذاکرات قبول کرنے کے اعلان کے تناظر میں جاری کیا گیا۔
قبلہ اول کے خطیب شیخ عکرمہ صبری نے اپنے فتوے میں کہا کہ اسرائیل کے ساتھ اراضی کا تبادلہ اپنی سرزمین سے دستبرداری ہی کی ایک صورت ہے۔ فلسطین اسراء اور معراج کی سرزمین ہے، یہی محشر اور منشر کا مقام ہے۔ لہذا اس سرزمین کی فروخت، تجارت، اس پرمذاکرات اور سودے بازی کسی صورت قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی اراضی اسلامی وقف اور بابرکت سرزمین ہے، دنیا بھر میں ہر ہر مسلمان کا ارض فلسطین سے تعلق اور کوئی بھی مسلمان ارض فلسطین کی ایک انچ سے بھی دست برداری نہیں چاہتا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی مہاجرین کے لیے متبادل وطن یا مغربی کنارے اور مقبوضہ فلسطین کی اراضی کے تبادلے کی تمام کوششیں ناکام ہوچکی ہیں۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
