مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیل کے پارلیمانی انتخابات کے موقع پر کل منگل کو مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی جس نے پورے شہر کو چھاؤنی میں تبدیل کر دیا تھا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی کنیسٹ کے انتخابات کے موقع پر اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے پرانے القدس شہر کے اطراف اور تمام اہم مقامات کو گھیرے میں لے لیا تھا۔ سڑکوں پر بھاری فوج گشت میں مصروف تھی۔مشرقی اور مغربی بیت المقدس کو ملانے والے مقامات پر اسرائیلی فوج کے اسپیشل دستے تعینات کیے گئےتھے۔
القدس،غرب اردن اور سنہ 1948ء کے مقبوضہ علاقوں کو ملانے والی گزرگاہوں کو دو طرفہ آمدو رفت کے لیے سیل کر دیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ کل منگل کے روز اسرائیل میں کنیسٹ کے انتخابات منعقد ہوئے۔ اس موقع پر مجموعی طور پر پورے فلسطین میں بھاری فوج تعینات کی گئی تھی۔