(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کا کہنا ہے کہ فلسطین کی حمایت پاکستان کی نظریاتی بنیادوں کا حصہ ہے، اسرائیل ایک ناجائز اور جعلی ریاست ہے جسے کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سرپرست اراکین نے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویوں میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے عرب ممالک کے دباؤ کے انکشاف پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ اسرائیل کو کسی صورت میں تسلیم کرنا پاکستان کی نظریاتی اساس سے سنگین غداری ہے، اسرائیل کو بطور ریاست تسلیم کرنے کیلئے پاکستان کے عوام عرب حکمرانوں کا دباؤ مسترد کرتے ہیں، عرب حکمرانوں کی ایماء پر فلسطین پر سودے بازی کا مطلب کشمیر پر بھی سودے بازی کے مترادف ہے ، فلسطینی عوام صرف فلسطین چاہتے ہیں جوفلسطینوں کاوطن ہے۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سرپرست اراکین مسلم پرویز، محفوظ یار خان، میجر (ر) قمر عباس، اسرار عباسی علامہ باقر زیدی، علامہ قاضی احمد نورانی، سید طارق حسن، پیر ازہر ہمدانی، ارشد نقوی، یونس بونیری، مطلوب اعوان، کرامت علی اور ڈاکٹر صابر ابو مریم نے اپنے مشترکہ اظہار خیال میں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم نا کرنے کے اعلان پر کہا ہے کہ جعلی صیہونی ریاست کو تسلیم ناکرنا وزیر اعظم عمران خان کا ایک غیرت مندانہ اقدام ہے جس پر پوری قوم ان کے شانہ بشانہ ہے اور اس اقدام کو سراہتی ہے، یہی وہ غیر مندی ہے جس کےباعث دشمن خائف ہے اور پاکستان کے خلاف ہر سطح پر سازشیں کررہا ہے۔
انھوں نے وزیراعظم عمران خان کے جراتمندانہ مؤقف کی تعریف کرتے ہوئے کہا اسرائیل کو تسلیم کرنا بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کے نظریات کے ساتھ خیانت ہوگی جس کو وزیراعظم نے احسن طریقے سے محفوظ رکھا ہے۔