سن 1948 ء سے اسرائیلی زیر تسلط” مقبوضہ فلسطین ” میں سرگرم تحریک اسلامی کے سربراہ شیخ رائد صلاح کا کہنا ہے کہ القدس جلد ہی نہ صرف صہیونی شکنجے سے آزاد ہو جائے گا
بلکہ یہ انقلابی عرب ممالک کا دارالخلافہ بھی بنے گا۔ شیخ رائد صلاح نے اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصی کے انہدام اور اس کی جگہ ھیکل سلیمانی کی منظر کشی پر مبنی فلم کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی وزیر خارجہ ڈینی ایلون عنقریب القدس اور مسجد اقصی سے اسرائیل کے زوال کی فلم بھی دیکھ لیں گے۔
اردن میں تحریک اسلامی کے زیر انتظام منعقد کی گئی ایک تقریب سے خطاب اور ریڈیو کو دیے گئے ایک انٹرویو میں شیخ صلاح کا کہنا تھا کہ عرب بہار کے بعد اسرائیل کا زوال قریب آ گیا ہے۔ عرب انقلاب کی بہار تیونس سے ہوتی ہوئی مصر، لیبیا اور یمن تک پہنچ گئی ہے اور جلد ہی شام میں بھی انقلابی تحریک کامیاب ہو جائے گی۔
شیخ رائد صلاح کے مطابق اسرائیلی تسلط سے آزادی کے بعد القدس کو ہی عرب انقلاب کا دارالخلافہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسجد اقصی کو ایک دن کامیابی ملے گی کیونکہ ہم ا س وقت اللہ کے وعدے اور بالفور ڈیکلیریشن، جس نے فلسطینیوں کو امت سے الگ کر دیا، کے درمیان زندگی بسر کر رہے ہیں، اور یہ بات حتمی کے کامیابی اللہ کے وعدے کو ہی ملے گی۔
شیخ رائد صلاح نے شامی عوام کی جانب سے اپنی حکومت کے خلاف جدوجہد میں عوام کے ساتھ کھڑے ہونے پر زور دیا۔ شیخ صلاح نے کہا کہ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں شام اور اس کی قوم کے حوالے سے خوش خبریاں دی ہیں ۔ شامی کبھی بھی ذلت اور خوف کے شکار نہیں ہونگے، انہیں عنقریب فتح ملے گی ظلم اور دہشت کا وقت زیادہ طویل نہیں ہو گا۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین