اسرائیلی کے ایک ماہر اقتصادیات نے دعویٰ کیا ہے کہ صہیونی ریاست کا فوجی بجٹ آس پاس کے عرب ممالک کے مجموعی فوجی بجٹ سے بھی زیادہ ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق "محامیہ چراسلر” نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ حکومت کی جانب سے فوج کے بجٹ کا جو اعلان کیا جاتا ہے حقیقت میں فوج اس سے کہیں زیادہ بجٹ وصول کرتی ہے۔ ہماری فوج کا بجٹ تو اسرائیل کے ارد گرد موجود عرب ممالک کے مجموعی بجٹ سے بھی زیادہ ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیل کے اقتصادی عبرانی جریدے "کلکلیسٹ” نے بھی اپنی ایک تازہ اشاعت میں بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج کا موجودہ بجٹ 61 ارب شیکل ہے جو اسرائیل کے گردو پیش کے ممالک کے مجموعی دفاعی بجٹ سے بھی زیادہ ہے۔
چراسلر نے وزارت دفاع کی جانب سے فوجی بجٹ کی رقم کم سے کم بیان کرنے پر حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت دفاعی بجٹ کی رقم چھپا رہی ہے جو ناقابل فہم بات ہے۔ ایک جانب وزیردفاع یہ کہتے پائے گئے ہیں کہ فوجی بجٹ میں اضافہ نہ کیا گیا تو ہم پتھر کے دور میں دھکیل دیے جائیں گے اور دوسری جانب حال یہ ہے کہ فوج کا دفاعی بجٹ کئی ملکوں کے دفاعی بجٹ سے بھی زیادہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم، صحت اور رفاہ عامہ کے شعبوں کے بجٹ میں کٹوتی اور فوج کے بجٹ میں ایک ارب شیکل کا اضافہ وزیردفاع موشے یعلون کے مطالبے پر کیا گیا ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
